ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پانامہ کے بعد پانڈورا پیپرزکا سنسنی خیزانکشاف، 300سے زائد ہندوستانیوں نے بیرون ملک پیسہ چھپایا

پانامہ کے بعد پانڈورا پیپرزکا سنسنی خیزانکشاف، 300سے زائد ہندوستانیوں نے بیرون ملک پیسہ چھپایا

Tue, 05 Oct 2021 10:38:16    S.O. News Service

نئی دہلی،5؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) پاناما پیپرز کے انکشافات کے بعد اب پانڈورا پیپرز نے سنسنی پیدا کردی ہے۔ مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی دنیا کی مختلف 14کمپنیوں کی تقریباًایک کروڑ 20لاکھ فائلس کے ایک جائزے کے مطابق 200سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی بیرونِ ملک خفیہ دولت کی تفصیلات کا انکشاف ہوا ہے۔ پانڈورا پیپرز کے مطابق دنیا کے کئی امیر اور طاقتور لوگ،حکومتوں کی نظرسے اپنی جائیداد کو چھپانے اور ٹیکس سے بچنے کیلئے منی لانڈرنگ کا سہارا لے رہے ہیں۔3 اکتوبر کو جاری ہونے والے پانڈورا پیپرز میں 300سے زائد بھارتی نام ہیں، جن میں سے 60ممتاز افراد اور بڑی ہندوستانی کمپنیوں کے دوسرے ممالک میں موجود یا آف شور اکاؤنٹس کی جانچ کی گئی ہے۔پانڈورا پیپرز کے انکشاف میں بھارت کی طرف سے انڈین ایکسپریس جانچ میں شامل رہا۔ پانڈورا پیپرز پر انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کارپوریٹ ڈیفارڈروں سے لے کر ٹاپ بزنس مین تک، سی بی آئی- ای ڈی کے کیس میں شامل ملزموں سے لے کر مشہور ہستیوں تک۔ جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے اپنی جائیداد کو سرکار سے چھپانے کیلئے دوسرے ممالک میں اپنے پیسے بھیجے ہیں۔تقریباً12 ملین لیک ہونے والی دستاویزات کی جانچ کی بنیاد پر پانڈورا پیپرز نے انکشاف کیا کہ دنیا کے کئی امیر اور طاقتور لوگ دولت چھپا رہے ہیں۔یہ لیک ہونے والا ڈیٹا واشنگٹن ڈی سی میں قائم انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے)کے ذریعہ حاصل کیاگیا تھا۔ اس نے اب تک کی سب سے بڑی عالمی جانچ پر 140 سے زیادہ میڈیا تنظیموں کے ساتھ کام کیا۔117 ممالک میں سے 600 سے زائد صحافیوں نے ان دستاویزات کی مہینوں تک جانچ کی اور اب آنے والے ہفتوں میں اس کا انکشاف کریں گے۔ بھارت کی طرف سے پانڈورا پیپرز انکشاف میں انڈین ایکسپریس نے حصہ لیا ہے۔پانڈورا پیپرز انکشاف میں تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم نے 14 ذرائع سے دستاویزات حاصل کی ہیں اور پوری دستاویز کا سائز تقریباً2.94ٹی بی ہے۔


Share: